سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کےخلاف درخواستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جواب جمع کروادیا، جواب مسلم لیگ ن کے وکیل صلاح الدین احمد نے جمع کروایا۔
اپنے جواب میں مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کےخلاف درخواستیں خارج کرنے کی استدعا کردی۔
ن لیگ کے جواب میں کہا گیا کہ عدالت کا ایکٹ بننے سے پہلے اس پر عملدرآمد روکنا اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہے، عدالت ایکٹ بننے سے پہلے اس پر عملدرآمد نہیں روک سکتی۔
مسلم لیگ ن نے کہا کہ عدالت اگر سمجھتی کہ ایکٹ سپریم کورٹ میں مداخلت ہے تو کالعدم قرار دیتی، جب تک ایکٹ کالعدم نہیں ہوتا اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ عدالت کا قانون سازی پر عملدرآمد روکنے کا اختیار روکا جائے، قانون پر عملدرآمد روک کر منتخب نمائندوں کی نیت پر سوالات اٹھانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔