سعودی عرب میں عمرہ ویزے پر ملتان سے بھیک مانگنے کی غرض سے جانے والے ایک ہی خاندان کے 16 افراد کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کے مطابق پنجاب کے شہر ملتان سے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والے 1 خاندان کے 16 افراد سے شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کرنے پر معلوم ہوا کہ پورا خاندان بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کے مطابق دورانِ تفتیش خاندان کے افراد نے بتایا کہ 3 ایجنٹوں نے سعودی عرب میں اُن کی رہائش کے انتظامات کیے ہیں۔
خاندان کے سعودی عرب پہنچ کر بھیک میں ملنے والی آدھی رقم اُن کی اور آدھی ایجنٹوں کی ہونی تھی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کے مطابق گرفتار کیے گئے خاندان کے افراد میں 11 خواتین، 5 مرد اور 1 بچہ شامل ہے۔
حراست میں لیے گئے اس خاندان کے تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل سیکریٹری اوور سیز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ بیرونِ ملک گرفتار ہونے والے بھکاریوں کی 90 فیصد تعداد پاکستانیوں کی ہوتی ہے۔
سیکریٹری اوور سیز کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ بھکاری پاکستان سے بیرونِ ملک جاتے ہیں۔