واشنگٹن (اے پی پی)امریکا کے صدر جو بائیڈن نے نومبر کے وسط تک امریکی حکومت کو فنڈز فراہم کرنے، شٹ ڈاؤن سے بچنے اور وفاقی اداروں کے لیے رقم ختم ہونے سے ایک گھنٹہ قبل کانگریس کے منظور شدہ بل پر دستخط کر دیے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بائیڈن نے ووٹنگ کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا کہ بل کی منظوری نے ایک غیر ضروری بحران کو روکا ہے جس سے لاکھوں محنتی امریکیوں کو بے جا تکلیف کا سامنا ہو سکتا تھا۔انہوں نے کانگریس پر زور دیا کہ وہ پورے مالی سال کے فنڈنگ بلوں کو پاس کرنے کے لیے فوری طور پر کام کرے۔اس موقع پر سینیٹ میں ڈیمو کریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے اکثریتی رہنما چک شومر نے کہا کہ وہ شٹ ڈاؤن سے گریز کریں گے ، دو طرفہ تعاون یعنی ڈیموکریٹک اور ری پبلیکن پارٹیوں کا مل جل کر کام کرنا سینیٹ کی پہچان ہے جو برقرار رہے اور اب بل کی منظوری کے بعد امریکی سکھ کا سانس لے سکتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا میں سرکاری اداروں نے جمعرات کی صبح اپنے کارکنوں کو حکومت کے ممکنہ شٹ ڈاؤن کے بارے میں مطلع کرنا شروع کر دیا تھا ، امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن سے تقریباً 20 لاکھ سرکاری ملازمین اور اتنی ہی تعداد میں امریکہ کے سابق اور حاضر سروس فوجیوں میں سے بیشتر کی تنخواہیں یا مراعات رک جاتیں۔