نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک بڑی جماعت کے رہنما ہیں، ان کے بیان کا مناسب جواب الیکشن کمیشن دے گا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک بڑی جماعت کے رہنما ہیں، ان کا بیان الیکشن کمیشن نے دیکھ لیا ہو گا، وہی اس کا مناسب جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کی ذمے داری الیکشن کمیشن کی ہے اور ہم الیکشن کمیشن کی معاونت کرنے کے ذمے دار ہیں۔
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ان کی واپسی کا نگراں حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات سدا بہار ہیں اور ان کا مستقبل بہت شاندار ہے۔