جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پس پردہ کوئی اور ہوتا ہے مگر سیاستدان ہمیشہ عوام کے نشانے پر ہوتے ہیں۔
خوشاب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ قوم کو بتانا ہوگا بہت ہو چکا، اب ووٹ کا فیصلہ نئے زاویے سے کرنا ہوگا، پارلیمنٹ کو ایسے لوگوں سے بھر دیا جاتا ہے جن کو قرآن و سنت سے دلچسپی نہیں ہوتی، اندر سے مذہبی اقدار اور اوپر سے تہذیب کی حیا ہونی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالمی اداروں کا سب سے زیادہ دباؤ پاکستان پر ہے، ہر چند مہینوں کے بعد انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) ایک نیا معاہدہ کر رہا ہوتا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمیں امداد اور قرضے ان کی شرائط پر ملتی ہیں، ہم نے اپنے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچا ہے، قیمتوں کا اتار چڑھاؤ اب آپ کے ہاتھ میں نہیں ان کے ہاتھ میں ہے۔