پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شعیب شاہین نے مولانا فضل الرحمٰن کے سردیوں میں انتخابات کروانے کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی اور ممبر کور کمیٹی شعیب شاہین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن مسلم لیگ ن کے اسلامی ترجمان ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جو خواہش ہوتی ہے وہ مولانا فضل الرحمٰن بیان کر دیتے ہیں۔
شعیب شاہین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے صرف سردیوں میں انتخابات ملتوی کرنے کا ذکر نہیں کیا، ان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے الیکشن نہ کروانے کا بھی بیان دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ الیکشن چھوڑیں معیشت بچائیں، اُنہیں زیب نہیں دیتا کہ وہ الیکشن دیر سے کروانے کا بیان دیں۔
شعیب شاہین نے کہا کہ اگر انتخابات نہیں ہوتے تو سینیٹ، پارلیمنٹ کو ختم کر دیں، یہ طرز عمل کسی سیاستدان کا نہیں ہوتا انہیں اپنے کرتوت نظر آرہے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ صدرِ مملکت کو انتخابات کی واضح تاریخ دینی چاہیے تھی۔