• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلڈ لائٹ ہاکی خواتین ٹائٹل کراچی،مردوں کاسکھر کےنام

سکھر(بیورو رپورٹ/ چوہدری محمد ارشاد) تیسرا رمضان فلڈ لائٹ ہاکی مینز اینڈ ویمنز ہاکی ٹورنامنٹ ختم ہوگیا خواتین ٹائٹل کراچی جبکہ مردوں کا سکھر نے جیتا ۔ فائنل تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ تھے۔ مین کے فائنل میں سکھر نے خیرپور کو 6گول سے ہرایا۔ خواتین  میں کراچی نے پہلی ، سکھر نے دوسری اور خیرپور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب تقسیم انعامات سے قبل ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن سکھر کے جنرل سیکریٹری امان اللہ مغل اور سندھ خواتین ہاکی ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری ارم بخاری نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ  محکمہ ریلوے اگر خود اسپورٹس کو فروغ نہیں دے سکتاتو کھیلوں کو نقصان بھی نہ پہنچائے، سکھر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اسٹیڈیم کو سیل کئے جانے کی مذمت کرتا ہوں اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے سے بھی بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں دو ارب روپے کی لاگت سے انٹرنیشنل اسپورٹس کمپلیکس کے علاوہ روہڑی ، صالح پٹ، پنوعاقل میں کھیلوں کے مختلف میدان تعمیر کرائے جارہے ہیں، ان میں متعدد منصوبے مکمل ہوچکے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام جاری ہے، اس جدید اسپورٹس کمپلیکس انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور دیگر کھیلوں کے کورٹس کی تعمیر کے بعد سکھر نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان میں کھیلوں کے جدید اسپورٹس کمپلیکس اور میدانوں کے حوالے سے پہچانا جاسکے گا۔
تازہ ترین