لندن( جنگ نیوز) ارجنٹائن خواتین ہاکی ٹیم نے فائنل میں عالمی اور اولمپک چیمپئن ہالینڈ کو 2-1سے ہرا کر ریکارڈ ساتواں چیمپئنز ٹرافی ٹائٹل اپنی جھولی میں ڈال لیا۔ ارجنٹائن کے لیے پہلے کوارٹر میں مارٹینا كیوالیرو اور نوئل بارینوائیو نے گول داغے۔ ہالینڈ کو انجری کی شکار کپتان ماٹرے پومین کی خدمات حاصل نہیں تھیں ۔ ہالینڈ نے ہاف ٹائم کے بعد ایوا ڈی گوئیڈے کے پینلٹی کارنر پر گول کے ذریعے کم بیک کی کوشش کی لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ ارجنٹائن نے حریف فارورڈز کے تمام راستے بند کردیے مسلسل تیسری بار ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ تیسری پوزیشن ک میچ میں امریکی ٹیم نے آسٹریلیا کے ساتھ 2-2کی برابری کے بعد پینلٹی اسٹروکس کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرلی۔ اس طرح امریکہ نے 1995 میں ارجنٹائن میں حاصل شدہ کانسی کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا تمغہ حاصل کیا۔