نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اور جانی نقصان پر گہری تشویش ہے، ہم فلسطین کے مظلوم عوام سے یک جہتی کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ میں شہریوں کو بلاجواز نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری فلسطینیوں تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے انسانی راہداری کھولنے کی کارروائی کرے۔
نگراں وزیرِ اعظم نے بتایا کہ پاکستان غزہ کی بگڑتی صورت حال پر او آئی سی اور رکن ممالک سے رابطے میں ہے، وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی 18 اکتوبر کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی غزہ کے لوگوں کی تکالیف دور کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے حملوں میں شہیدوں کی مجموعی تعداد 2750 ہو گئی اور 9 ہزار 700 سے زیادہ زخمی ہیں۔
اسرائیل فلسطینیوں کو بھوکا پیاسا مارنے پر تُل گیا، غزہ میں انسانی بحران شدید ہو گیا، جہاں پانی، غذا اور ادویات کی شدید قلت ہے۔