• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ کے اسپتال پر حملہ، صدرِ و چیئرمین سینیٹ کی مذمت

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے غزہ کے اسپتال پر وحشیانہ اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کی ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے میں سیکڑوں معصوم جانوں کے المناک نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایک اسپتال پر حملہ کر کے تمام بین الاقوامی اور اخلاقی اصولوں کو پامال کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ اسرائیل شہری آبادیوں اور صحت کی سہولتوں کو بلا امتیاز نشانہ بنا رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی بمباری بے رحمانہ عمل ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں، اسپتال، اقوام متحدہ کے زیرِ انتظام اسکول کو نشانہ بنانا جنگی جرم ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ عمل دہشت گرد ریاست اسرائیل کی نفرت انگیز بربریت بے نقاب کرتا ہے، عالمی برادری کو فوری طور پر ان وحشیانہ مظالم کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔

نگراں وفاقی وزیرِ صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بھی  اسرائیل کی فلسطین میں وحشیانہ بمباری کی مذمت کی ہے۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ غزہ میں اسپتال پر بمباری سے بچوں سمیت 800 شہید ہوئے ہیں، اسپتال پر حملے میں طبی عملہ، بچے، خواتین اور بزرگ شہید ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، شہید ہونے والوں کی درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ہیلتھ سپورٹ کی ترسیل کے لیے تیار ہے، این ڈی ایم اے سے مل کر طبی ضروریات پوری کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

نگراں وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ اقوامِ عالم فلسطین میں خون سے لتھڑے شہریوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ قاہرہ میں ڈبلیو ایچ او کی ریجنل کمیٹی کی میٹنگ میں کہا تھا کہ صحت کے معاملے کو سیاسی نہ بنایا جائے، انسانیت اور صحت اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید