• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اسپتال حملے پر عالمی ردعمل، اسرائیلی حکومت اور افواج بوکھلاہٹ کا شکار

کراچی (نیوز ڈیسک ) غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیل کے وحشیانہ فضائی حملے کے معاملے پر عالمی رد عمل کے بعد نتن یاہو حکومت اور اسرائیلی افواج بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

اسرائیلی حکومت اور افواج کی جانب سے مختلف دعوے کئے جارہے ہیں ۔ 

اسرائیلی فوج نے ایک راکٹ حملے کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ راکٹ حملہ اسپتال پر ہوا تھا تاہم حماس نے اس راکٹ حملے کی ویڈیو کا پول کھولتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیو پرانی ہے اور اس کا اسپتال حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک بار پھر اسرائیلی موقف کی اندھی حمایت کردی ہے اور اس حملے کا الزام مخالف فریق پر عائد کردیا ہے تاہم چند روز قبل ایسی ہی ایک جعلی ویڈیو کے معاملے پر صدر بائیڈن کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ میں نے حماس کے ارکان کی جانب سے اسرائیلیوں کے گلے کاٹنے کی ویڈیو دیکھی ہے تاہم بعد ازاں وائٹ ہاوس کو اس کی وضاحت اور تردید کرنا پڑ گئی تھی ۔ 

اسی طرح مبصرین نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ہمیشہ سے روایت رہی ہے ایسے حملے کی تردید ہی کرتا ہے جس پر اسے شدید عالمی رد عمل کا سامنا ہو۔ اسرائیلی فوج نے مئی 2022 کو الجزیرہ سے وابستہ فلسطینی خاتون صحافی شریں ابو عاقلہ کے قتل کی بھی تردید کی تھی جنہیں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے شہید کیا تھا.

 صہیونی فوج نے اس حملے کا الزام بھی فلسطینی مزاحمتی تنظیموں پر عائد کرنے کی کوشش کی تھی۔

 اس وقت کے اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینٹ نے ایک جعلی ویڈیو جاری کی تھی جس میں ایک فلسطینی کو فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا اور ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی تھی کہ یہ حملہ فلسطینیوں نے کیا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید