• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بائیڈن انتظامیہ کی اسرائیل کی حمایت پر سینئر رکنِ امریکی محکمۂ خارجہ جوش پال مستعفی

امریکی محکمۂ خارجہ—فائل فوٹو
امریکی محکمۂ خارجہ—فائل فوٹو

امریکی محکمۂ خارجہ کے سینئر رکن جوش پال اسرائیل فلسطین کشیدگی کے دوران امریکا کی اسرائیل کے لیے حمایت پر عہدے سے مستعفی ہو گئے، ان کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازع میں بائیڈن انتظامیہ سے متفق نہیں ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر امریکی محکمۂ خارجہ کے سینئر مشیر برائن فنوکین نے جوش پال کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کو فوری بنیادوں پر ہتھیاروں کی فراہمی کے باعث کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جوش پال دیگر ممالک کو اسلحہ فراہم کرنے کی منظوری دینے والے محکمۂ خارجہ کے پولیٹیکل ملٹری افیئرز بیورو میں گزشتہ 10 برس سے زائد عرصے سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

سوشل میڈیا پوسٹ کےمطابق جوش پال کا کہنا ہے کہ انہوں نے استعفیٰ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل فلسطین کشیدگی کے دوران اسرائیل کو فوری بنیادوں پر اسلحہ فراہم کرنے کے فیصلوں کے باعث دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوش پال نے کہا کہ اسرائیل فلسطین تنازع میں بائیڈن انتظامیہ کے اقدامات سے متفق نہیں، یہ فلسطینی عوام اور طویل مدتی امریکی مفاد میں نہیں ہیں اور میں اس حوالے سے کچھ نہیں کر سکتا تھا اس لیے استعفیٰ دے دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچے، جنہوں نے غزہ کے اسپتال پر حملے میں اسرائیلی حکومت کو کلین چٹ دیتے ہوئے الزام فلسطینی تنظیموں پر عائد کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکا نے جنگ جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی رسائی کے لیے سلامتی کونسل میں برازیل کی پیش کی گئی قرارداد کو ویٹو کر دیا ہے۔

7 اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت جاری

فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں تقریباً 1,000 بچے اور 1,000 خواتین شامل ہیں۔

فسلطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے ساڑھے 12 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید