کراچی(اسٹاف رپورٹر)سائٹ اے پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے رکشے اور گھر سے 2 ہزار سے زائد ڈیٹونیٹر اور فیوز برآمد کر لیئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے پولیس نے سیمینز چورنگی کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک رکشے کو روک کر اس میں موجود ڈبوں کو چیک کیا تو اس میں سے بم میں استعمال ہونے والے ڈیٹونیٹر اورسیفٹی فیوز ودیگر سامان موجود تھا جسے رکشے اور برآمد سامان سمیت تھانے منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور کا نام انور خان ہے جس کا آبائی تعلق سوات سے ہے اور اس کے رکشے سے 300 سے زائد ڈیٹونیٹر اور سیفٹی فیوز ملے ہیں ،تاہم تفتیش میں گرفتار رکشہ ڈرائیور کا کہنا تھاکہ وہ سہراب گوٹھ بس اڈے جاکر یہ سامان اٹھاتا ہے جو کہ بس میں آتا ہے اور کئی عرصے سے سہراب گوٹھ اڈے سے ڈیٹونیٹر لیکر آتا ہے اور اپنے گھر بلدیہ میں لیجاکر رکھ دیتا ہے، رکشہ ڈرائیور کے مطابق اسکے ساتھ کام کرنے والے افراد وہ سامان لیکر چلے جاتے ہیں ۔ پولیس نے انورخان کی نشاندہی پر بلدیہ نمبر سات آفریدی کالونی پہاڑی پر قائم اسکے گھر پر چھاپہ مار کر 2ہزار سے زائد ڈیٹونیٹر،سیفٹی فیوز اور الیکٹرک تارروں کا رول برآمدکرلیا۔پولیس کے مطابق بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ڈیٹونیٹر ز مائنز کمپنیاں استعمال کرتے ہیں جو کہ پہاڑوں کو دھماکے سے اڑانے میں کام آتا ہے لیکن انکے پاس لائسنس ہوتا ہے لیکن ابھی تک مبینہ ملزم انور خان پولیس کو کوئی شواہد پیش نہیں کرسکا ہے تاہم تفتیش کا عمل جاری ہے،واقعہ کی اطلاع پر سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل یونٹ کا عملہ بھی موقع پہنچ گیا۔ایس ایس پی کیماڑی راؤ عارف اسلم کے مطابق معاملہ چونکہ حساس ہے اس لئیے اسکی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور تحقیقات کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔