غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیل شمالی غزہ کے اسپتال خالی کرنے کی مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے۔
اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کہ اگر شمالی غزہ کے تمام اسپتال خالی نہ کیے گئے تو وقت ضائع کیے بغیر ان پر بمباری کردیں گے۔
عالمی ادارہ صحت نے اسرائیل سے اسپتال خالی کرنے کے حکم پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ غزہ کے تمام اسپتالوں کو خالی کرنا تقریباً ناممکن ہے، بہت سے مریض اسپتالوں کے وینٹی لیٹر پر اور نوزائدہ بچے انکیوبیٹرز میں ہیں، جن کی منتقلی بے انتہا مشکل کام ہے۔
غزہ پر آج صبح اسرائیلی حملوں میں مزید 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ میں گزشتہ رات القدس اسپتال کے صرف 100 میٹر فاصلے پر 10 فضائی حملے ہوئے۔
الاقصیٰ اسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب سے اسپتال لائے گئے زخمی اور لاشوں میں 65 فیصد بچے ہیں۔
اس سے پہلے غزہ کے ال آہلی اسپتال پر میزائل حملے میں 500 بےگناہ جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اسرائیل نے الشفا اور القدس اسپتال کے ارد گرد بھی حملے کیے، شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 700 سے زیادہ ہوگئی۔