• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی صدر کی اسرائیلی صدر سے ملاقات، یکجہتی کا اظہار

تصویر بشکریہ عالمی میڈیا
تصویر بشکریہ عالمی میڈیا

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیل پہنچ کر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی ہم منصب آئزک ہرزوگ سے ملاقات کی اور یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس اور اسرائیل کے جھڑپوں کے 2 ہفتے بعد فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون آج اسرائیل پہنچ گئے۔

فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ فرانس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسرائیل کا ساتھ دے گا، اسرائیل کے ساتھ جو ہوا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلا مقصد تمام یرغمالیوں کی بلاتفریق رہائی ہے۔

اس موقع پر اسرائیلی صدر  آئزک ہرزوگ کا کہنا ہے کہ شمال میں محاذ آرائی نہیں چاہتے، حماس کو تباہ کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی یہود دشمنی سے پریشان ہوں، حزب اللہ اور اس کے پیچھے موجود طاقت آگ سے کھیل رہی ہے، جنگ چھڑی تو لبنان کو بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر آج فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 30 فرانسیسی شہری بھی شامل تھے جب کہ ایک خاتون سمیت 7 فرانسیسی شہریوں کو یرغمال بنالیا گیا جو تاحال لاپتا ہیں۔

فرانسیسی صدر کے دورہ اسرائیل کا اعلان اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر جوبائیڈن نے گزشتہ روز ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیالات کیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید