اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینیوں کو 56 سال سے حبس زدہ قبضے کا شکار بنایا گیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشرق وسطیٰ پر سہ ماہی اجلاس ہوا۔
اجلاس سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے نازک لمحات میں اصولوں کا واضح ہونا ضروری ہے۔ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے مزید کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور احترام کے بنیادی اصولوں سے اس کا آغاز کیا جائے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینیوں کو 56 سال سے حبس زدہ قبضے کا شکار بنایا گیا۔
عالمی ادارے کے سربراہ نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کے تحفظات حماس حملوں کا جواز نہیں ہوسکتے۔
انتونیو گوتیریس کا کہنا تھا کہ حماس حملوں کو فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دینے کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔ غزہ میں بمباری سے اقوام متحدہ کے عملے کے 34 افراد ہلاک ہوئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ غزہ میں بھیجی جانے والی امداد ضروریات کے سمندر میں ایک قطرے کے مترادف ہے۔ غزہ میں امداد پابندیوں کے بغیر بھیجی جانی چاہیے۔