• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی اگر چل نہیں سکتا تو پاکستان پل نہیں سکتا، خالد مقبول

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی اگر چل نہیں سکتا تو پاکستان پل نہیں سکتا، سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمیں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو لیاقت آباد ا سٹوڈنٹس گراونڈ پر ہونے والے ایم کیو ایم کے جلسے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، لیاقت آباد پل کے علاوہ دیگر ملحقہ علاقوں میں بجلی کے پول پر ایم کیو ایم کے پرچم لگادئیے گئے جبکہ کار کنان اور رہنما گھر گھر جاکر، مارکٹیوں میں دکانداروں سے ملاقات کر کے انہیں ٹاؤن کے جلسے میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان لیاقت آباد کے تحت جنرل ورکرز اجلاس بی ون ایریا لیاقت آباد کے اسٹوڈنٹس گراونڈ میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایم کیو ایم کے مرکزی کمیٹی کے انچارجز و ذمہ داران سمیت لیاقت آباد ٹاؤن کے کارکنان و ذمہ داران نے بھی شرکت کی،کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جن لوگوں کو اتوار کو یہاں جمع کر رہے ہیں یہ تحریک ان کے حقوق کے لئے چلائی جا رہی ہے، ہم سے پہلا حق اس عوام کا ہے جنہیں اس جلسے میں شرکت کرنی ہے، ہر وقت کے اپنے تقاضے اور اپنے طریقے ہیں اسی کے مطابق کامیابی ایم کیو ایم کا مقدر ہوگی، ہمیں اپنی براڈکاسٹ لسٹ سے انفرادی طور پر 265 لوگوں کو تحریک کے نظریاتی اساس سے آگاہی فراہم کرنی ہے، کراچی ہماری آخری پناہ گاہ ہے اسکے علاوہ ہمارے پاس کوئی جگہ موجود نہیں۔ لیاقت آباد کا اختیار یہاں کے لوگوں کے پاس ہونا چاہئے،ایم کیو ایم نے ماضی میں ہفتہ صفائی منا کر بتایا کہ خدمت کے لئے اختیار یا حکومت کی ضرورت نہیں، ایم کیو ایم آج بھی اسی ہمت اور جذبہ سے کام کر رہی ہے، کراچی اگر چل نہیں سکتا تو پاکستان پل نہیں سکتا، لیاقت آباد کی گلی گلی کی دی گئی قربانیوں کے صلے میں لیاقت آباد نا ہار سکتا ہے نا ہی اسکی ہمت ٹوٹ سکتی ہے، یہ جلسہ لیاقت آباد کے شعور اور جذبے کی تاریخ رقم کرے گا اور مخالفین کو بدترین اخلاقی و سیاسی شکست ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید