کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے اپریل میں کراچی کی آبادی 1 کروڑ 35 لاکھ دکھائی مگر اب آبادی دو کروڑ پانچ لاکھ ہوچکی ہے۔ ہم نے کراچی کے 70لاکھ افراد بازیاب کرائے جس کی وجہ سے کراچی کی قومی اسمبلی میں 2 اور سندھ اسمبلی میں 3 نشستیں بڑھیں گی جو ایم کیو ایم کا کارنامہ ہے، ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن باقی پارٹیوں سے کم غلطیاں کی ہیں، سارے تجربے ناکام ہو گئے انشاء اللہ آنے والا وقت کراچی کے مظلوموں کا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال ٹاؤن میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور نظامت میں دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والا شہر کراچی آج دنیا کے چار بدترین رہائشی شہروں میں شامل ہوچکا ہے۔