• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: پاکستانی نژاد ڈاکٹر طلعت کے قتل کا ملزم گرفتار

بائیں تصویر میں مقتولہ ڈاکٹر طلغت خان جبکہ دائیں تصویر ان کے قتل کے ملزم میلز جوزف فریڈرچ کی ہے—جنگ فوٹوز
بائیں تصویر میں مقتولہ ڈاکٹر طلغت خان جبکہ دائیں تصویر ان کے قتل کے ملزم میلز جوزف فریڈرچ کی ہے—جنگ فوٹوز

امریکی پولیس نے پاکستانی نژاد امریکی ماہرِ امراض اطفال ڈاکٹر طلعت خان کے قتل کے الزام میں میلز جوزف فریڈرچ نامی شخص کو  گرفتار کر لیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر  کونرو میں  52 سالہ پاکستانی نژاد امریکی ماہرِ امراضِ اطفال ڈاکٹر طلعت خان کو دن دہاڑے ان کے گھر کے باہر ایک شخص نے تلوار کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر طلعت خان کو جائے وقوع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے متعدد عینی گواہان موجود ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ انہوں نے 24 سالہ میلز جوزف فریڈرچ کو فرسٹ ڈگری قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، ملزم سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ نفرت پر مبنی جرم ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ 

دریں اثناء علاقے میں واقع مسجد الانصار اسلامک سینٹر نے مقتولہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دیگر اراکین کو بھی ارد گرد کے حالات سے چوکس اور باخبر رہنے کی تلقین کی ہے۔

الانصار اسلامک سینٹر کا کہنا ہے کہ وہ نمازِ جمعہ اور دیگر پروگراموں کے لیے اضافی سیکیورٹی پر غور کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی نژاد امریکی ماہر امراض اطفال ڈاکٹر طلعت خان رواں سال جولائی میں ٹیکساس منتقل ہوئی تھیں، ان کا تعلق کراچی سے ہے۔

 انہوں نے سندھ میڈیکل کالج سے 1998ء میں ایم بی بی ایس مکمل کیا اور 2008ء میں امریکا میں پریکٹس شروع کی۔

واضح رہے کہ کونرو مونٹگمری کاؤنٹی ہیوسٹن سے تقریباً 40 میل (64 کلو میٹر) شمال میں واقع ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید