متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی کی دل کا دورہ پڑنے پر انجیو پلاسٹی ہوئی۔
اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رؤف صدیقی کی انجیو گرافی کے بعد انجیو پلاسٹی کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ رؤف صدیقی کی ابتدائی انجیو پلاسٹی کامیابی سے ہو گئی، انجیو پلاسٹی پروسیجر کے دوران انہیں ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رؤف صدیقی کو طبیعت اچانک خراب ہونے کی وجہ سے سندھ ہائی کورٹ سے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع نے رؤف صدیقی کو دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کی۔
ذرائع کے مطابق رؤف صدیقی کیس کے سلسلے میں ہائی کورٹ آئے ہوئے تھے، متعلقہ عدالت کے جج کی چھٹی کے باعث وہ کیفے ٹیریا میں چائے پی رہے تھے، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا۔
اسپتال کے ترجمان نے بتایا ہے کہ رؤف صدیقی کو شدید ہارٹ اٹیک کے ساتھ اسپتال میں لایا گیا تھا، ہارٹ اٹیک کے باعث ان کے پھیپھڑوں میں پانی جمع ہو گیا تھا، پھیپھڑوں میں پانی کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔
ایم کیو ایم کے رہنما انیس قائمخانی نے قومی ادارہ امراض قلب میں رؤف صدیقی کے اہلخانہ سے ان کی خیریت دریافت کی۔