کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے نگران وزیر برائے داخلہ، محکمہ جیل خانہ جات بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نےکہا ہے کہ کراچی سیف سٹی پراجیکٹ آئندہ سال جنوری سے فعال ہوجائے گا جس سے کراچی کے شہریوں کو اسٹریٹ کرائمز سے بڑا ریلیف ملے گا۔کراچی کو سیف سٹی بنانے کے لیے سیف سٹی پروجیکٹ ناگزیر ہے۔غیر قانونی تارکین وطن کو نکالنے سے بھی شہر میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام کے ہمراہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے ایسوسی ایشن کے صدر محمد کامران عربی، چیف کوآرڈینیٹر سلیم پاریکھ، سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، سابق صدور جاوید بلوانی، طارق یوسف، عبدالہادی اور نائب صدر فرحان اشرفی نے بھی خطاب کیا۔بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ کراچی کو پُرامن اور کاروبار دوست شہر بنانا میرا مقصد ہے۔ سائٹ کے داخلی و خارجی راستوں بالخصوص ناظم آباد اور شیرشاہ پر ٹریفک جام کی شکایات کے جواب میں انہوں نے ایک ہفتے کے اندر سڑک کو صاف کرنے کی ہدایات جاری کیں۔نگران وزیر نے جاوید بلوانی کی تجویز پرآئندہ ہفتے ایسوسی ایشن کے دفتر میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کا مشترکہ اجلاس بلانے کے حوالے سے ممبران کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔