وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو خط لکھ دیا۔ خط میں چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی مینجمنٹ کمیٹی کو امور کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو 3 ماہ کی توسیع کا نوٹیفکیشن 4 نومبر کو جاری ہوا، کمیٹی بورڈ آف گورنرز تشکیل دے اور جلد از جلد چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کروائے۔
مینجمنٹ کمیٹی روزمرہ کے امور دیکھے اور اعلیٰ عہدے پر تقرریاں نہ کرے، اس کمیٹی کو 3 ماہ سے زائد توسیع نہیں دی جائے گی۔
خط میں بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو چیئرمین کے انتخابات اور بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کی ذمے داری سونپی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ مینجمنٹ کمیٹی سے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات اور بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے میں عدم اطمینانی رہی ہے، وسائل کو استعمال کرتے ہوئے اپنے ٹاسک کو پورا کرنے کی کوشش کریں اور وزارت سے رپورٹ شیئر کریں۔
مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے اعلیٰ عہدے پر تقرریوں کو اختیارات کا غلط استعمال سمجھا جائے گا، کمیٹی ہفتہ وار رپورٹ ترتیب دے کر وزارت کو اپنے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کرسکتی ہے۔