کراچی (ٹی وی رپورٹ)پی ٹی آئی 20 روز میں انٹرا پارٹی الیکشن کرائے الیکشن کمیشن کی ہدایت اس پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے کہاکہ انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق جو نوٹس تحریک انصاف کو دیا گیا ہے سب پارٹیوں کو ملنا چاہئے،سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا کہ جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی میں کسی حد تک جمہوریت موجود ہے اور اس میں تقاضے پورے کئے جاتے ہیں۔سینئر صحافی حامد میر نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس دیا ہے ۔ جو رولز ہیں 2002 کے اس میں جو کلاز سات ہے اس کے تحت دیا ہے۔ ہر سیاسی پارٹی کو ثبوت دینا ہوتا ہے کہ اس نے جو انٹرا پارٹی الیکشن کروایا ہے اس میں باقاعدہ لوگ کھڑے ہوئے اور ووٹنگ وغیرہ کروائی گئی ہے۔ پاکستان کی بڑی سیاسی پارٹیوں میں ریگولر الیکشن نہیں ہوتا جس کو الیکشن کمیشن جانتا ہے اور یہاں صرف ایک پارٹی سے متعلق الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن ٹھیک نہیں ہے جبکہ انہیں دوسری پارٹیوں کو بھی کہنا چاہئے تھا۔انٹرا پارٹی الیکشن کے رولز میں ایک رول یہ بھی ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن مکمل ہونے کے بعد پارٹی چیئرمین کے دستخط کے ساتھ ایک سرٹیفکیٹ جمع کرایا جاتا ہے جس میں تحریر ہوتا ہے الیکشن شفاف تھا لیکن پی ٹی آئی کے سربراہ اور وائس پرزیڈنٹ جیل میں ہیں۔ اب الیکشن کمیشن کس طرح سے پی ٹی آئی کو سہولت دے گا یا نہیں دے گاکہ وہ کسی اور کو اختیارات سونپیں اور الیکشن کروائیں۔