کراچی (اسٹاف رپورٹر) کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اگر ریاست نے اقتدار عوام کو نہیں دیا تو ہم اقتدار کو سڑکوں پر سجائینگے اور اگراس ملک کی تقدیر عوام کے ہاتھوں میں نہیں دی تو ہم جاگیر دار اور وڈیروں سے چھین کر عوام کو دینگے ،عوام کو با اختیار نہ کیا گیا تو پھر پاکستان کو کراچی کی سڑکوں سے چلایا جائیگا ہم ریاست کو ایک موقع اور دے رہے ہیں کہ وہ آئینی ترمیم کے ذریعے عوام کو با اختیار بنائے آج کورنگی نے 8فروری کے نتائج کا اعلان کردیا ہے اس شہر کو لوٹنے والے ایک طرف اور پانی بیچنے والے اور دوسری جانب اس شہر کے پیاسے شہری ہیں ہم صاحب اقتدار کو یہ آخری پیغام دیکر جا رہے ہیں کہ آپ سے ہر ظلم کا حساب لینا ہے۔ وہ اتوار کی شب کورنگی ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے ایک بڑے جلسے سے خطاب کررہے تھے جس سے مصطفیٰ کمال ، فاروق ستار ، نسرین جلیل ، جاوید حنیف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ دلوں کو جیت نہیں سکتے وہ قبضہ کرنا چاہتے ہیں انکے لئے یہ جلسہ ایک جواب ہے تمہارے پاس پچھلے15سالوں سے حکومت رہی ہے اگر ہمیں صرف ایک بار پانچ سالوں کیلئے حکومت دو اور پھر دیکھو کہ ہم کتنا کام کرتے ہیں کہ تمہاری ضمانتیں ضبط ہوجائینگی اب ہمیں وزارتیں نہیں چاہئیں بلکہ اختیار وزیر اعظم اور وزیر اعلٰی کے گھروں سے نکال کر عوام کی دہلیز پر لانا ہے ہمیں اپنے مسائل کے حل کا اختیار اپنی گلی محلوں میں چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کو ایک موقع اور دے رہے ہیں کہ وہ آئینی ترمیم کر کہ اختیارات اور عوام کو حق حکمرانی دیں اگر ہماری آئینی ترمیم کو نہیں مانا گیا اور ضلعی خودمختاری نہیں دی گئی تو پھر فیصلہ روڈ پر ہوگا۔ بلاول بھٹو کو ایک پیغام ہےکہ آپ نے جن لوگوں کے ہاتھ میں کراچی کی باگ دوڑ دی ہے وہ آپ کی وزارت عظمیٰ کے راستے میں بارودی سرنگے بچھا رہے ہیں آپ 15سال تک حکمران رہے آپ کو ہمارے دل جیتنے چاہئے تھے لیکن آپ نے قبضہ کرنے کی کوشش کی آپ کو نہ تو قبضہ کرنے دینگے دل پر اور نہ ہی وسائل پر۔ سینئر ڈپٹی کنوینرڈاکٹر فارق ستار نے کہا کہ لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ ایم کیو ایم کا مقابلہ کس سے ہے تو میں کہتا ہوں کہ اس جلسے نے یہ ثابت کردیا کہ ایم کیو ایم کا مقابلہ کسی سے نہیں کوئی ہمارے برابر بھی نہیں آ سکتا ، 8فروری کو سندھ پر قابض جاگیرداروں اور وڈیروں کی سیاسی موت کا دن ہے 5فیصد ووٹ لیکر میئر بننے والے بھی 8فروری کو ختم ہوجائینگے۔ ایک آئینی پیکیج تیار کیا جا رہاہے جو آئندہ چند روز میں پیش کیا جائیگا جو شہریوں کو خود مختار بنانے کی ضمانت دیگا ۔ سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل نے کہا کہ کورنگی کے کئی افراد آج بھی لاپتہ ہیں میں ارباب اختیار سے کہتی ہوں کہ انہیں بازیاب کروائیں۔ رکن رابطہ کمیٹی وسابق رکن صوبائی اسمبلی جاوید حنیف نے کہا کہ ایم کیو ایم شناخت سے لیکر حقوق کی جنگ کیلئے مسلسل جدو جہد کر رہی ہے ، عوام کل بھی ایم کیو ایم کے ساتھ تھی اور آج بھی ایم کیو ایم کے ساتھ ہے۔ رکن رابطہ کمیٹی وسابق رکن قومی اسمبلی محمد ابو بکر نے کہا کہ کراچی کے عوام کو پانی بجلی،گیس اور دیگر ضروریات سے محروم کرنے والوں کو مسترد کردیا ۔کراچی کے عوام کبھی بھی ایسی نا اہل سیاسی جماعت کو ووٹ نہیں دینگے کہ جو عوامی ضروریات کو پورا نہ کر سکے۔