کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آگ بجھانے کیلئے کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کا عملہ نہیں آیا، پولیس کو شاباش ہے کہ جن محکموں کے عملے نے45لوگوں کی جانیں بچائیں ان ہی کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کردی، ایک بے ہوش شخص کو1122 کی ایمبولینس سے چھیپا کے رضا کاروں نے چھین کر اپنی ایمبولینس میں ڈالا، کراچی کے سفاری پارک میں پہلی فلائی زیپ لائن کا آج افتتاح کردیا گیا، جلد ہی سفاری پارک میں ہارس رائیڈنگ بھی شروع کی جا رہی ہے، وہ زیپ لائن کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے جنرل سیکرٹری دل محمد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے، میئر نے کہا کہ زیپ لائن کو بین الاقوامی طرز پر فعال کیا گیا ہے کراچی والے آئیں اور اپنے بچوں کے ساتھ اس سے لطف اندوز ہوں، مجھے تو زیپ لائن کے ذریعے اڑنے میں مزہ آیا اور میں کراچی میں میئر کی حیثیت سے پہلے ہی لینڈ کرچکا ہوں اور میرا مقصد کراچی کی ترقی اور خوشحالی ہے، سفاری پارک میں جلد ہی ایک کینٹین بھی بنائی جا رہی ہے جبکہ گوایش ایریا کو بھی درست کررہے ہیں۔