کراچی(این این آئی)کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، اسلحہ بردار دہشت گرد پورے شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں، یہ سفاک ملزمان اپنے مقصد کے حصول کیلئے کسی شہری کے جان سے جانے کی ذرا بھی پروا نہیں کرتے۔سروے کے مطابق کراچی ملک کا واحد شہر ہے جہاں لوگ کمانے بھی آتے ہیں اور لوٹنے بھی آتے ہیں، کراچی میں ہر شخص اس لئے خوفزدہ ہے کہ ڈاکو ناصرف سڑکوں بلکہ گھر کی دہلیز پر بھی واردات سے گریز نہیں کرتے۔اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کیلئے ضروری ہے کہ وہ لوگوں کو اس بات پر اعتماد دلائے کہ وہ ان کے تحفظ کیلئے ہے اگر پولیس کے کام میں سیاسی مداخلت ختم کردی جائے تو وہ اپنا بہتر کردار ادا کرسکتی ہے۔جب بھی مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے تو اسٹریٹ کرائم بھی بڑھ جاتے ہیں، اس حوالے سے انتظامیہ کیا کرتی ہے وہ سب جانتے ہیں، پولیس جرائم پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ماہرین نے کہاکہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں یہ بات خاص اہمیت کی حامل ہے کہ ملزمان کی بڑی تعداد کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے جو انتہائی قابل افسوس اور تشویشناک ہے۔