کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤدی بوہرہ کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین نے پیر کو کراچی یونیورسٹی میں ’ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین اسکول آف لاء‘ کی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے ۔ نئی عمارت کے احاطے میں منعقد افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر، سابق وزیر اعلیٰ مراد علیٰ شاہ، وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، ڈین آف لاء جسٹس حسن فیروز، سیکرٹری بورڈ و جامعات نور محمد سموں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بوہری جماعت پاکستان کی سب سے پرامن کمیونٹی میں سرفہرست ہے،میں جامعہ کراچی میں اسکول آف لاء (کلیہ قانون)کے لئے عمارت تعمیر کرنے پر سیدنامفضل سیف الدین کا شکر گزار ہوں ۔ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ داؤدی بوہرہ کمیونٹی کی سماجی خدمات سرحدوں اور قومیتوں سے بالاترہیں،جامعہ کراچی میں اسکول آف لاء کی عمارت تعمیر کرکے دینا بوہرہ جماعت کی جانب سے تعلیمی میدان میں اہم شراکت کی نشاندہی ہے۔ فکری ترقی اور تعلیمی فروغ کیلئے سیدنامفضل سیف الدین کی لگن قابل ستائش اور یہ تعلیمی ترقی بلاشبہ ہماری نسلوں پر دیرپا اثر چھوڑے گی۔