اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور پارلیمان اپنے فلسطینی بھائیوں سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ عالمی برادری کھلے دل سے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرے۔ فلسطینی بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں کا قتلِ عام شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کے لیے فلسطین و کشمیر سمیت تمام تنازعات کا منصفانہ حل ضروری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری نسل کشی اور جبری نقل مکانی روکنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، فلسطین کی موجودہ صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، اقوامِ متحدہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسرائیلی مظالم فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی تحریک کو دبا نہیں سکتے۔
اُنہوں نے فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے اصولی مؤقف کا اعادہ بھی کیا۔