کراچی( ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر )کراچی میں رواں برس اب تک اسٹریٹ کرائم کے 77 ہزار 744 واقعات میں 100 سے زائد افراد قتل جبکہ 432زخمی ہوئے۔رواں برس شہر کے مختلف علاقوں سے 1898 گاڑیاں اور 50 ہزار 601 موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔سال 2023 کے دوران اب تک شہریوں سے25ہزار 234 موبائل فون چھینے گئے۔سال 2023میں مختلف واقعات میں 537 افراد قتل ہوئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق سال 2023 میں اغواہ برائے تاوان کے 51 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 21 کیسز میں کو حل کر کے 49 اغواہ کاروں کو گرفتار کیا گیا۔ریکارڈ کے مطابق سال 2023 میں بھتہ خوری کے 137 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 78 کیسز کو حل کر کے 98 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا۔رواں برس دہشت گردی کے 3 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کا حملہ بھی شامل ہے جس میں 5 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے۔اگست میں سچل تھانے کی پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا جبکہ چاکیواڑہ میں دستی بم حملہ کیا گیا جس میں ایک خاتون جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں برس پولیس نے 1075 پولیس مقابلوں میں 162 ملزمان ہلاک اور 1267 زخمی ہوئے جبکہ مقابلوں میں 6 ہزار 722 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔پولیس کے مطابق سال رواں 4 وہیکل لفٹرز کو ہلاک اور 52 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ کاریں چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث 329 جبکہ موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث 3323 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں برس مختلف کارروائیوں میں مختلف اقسام کے 6498 ہتھیار برآمد کئیے گئے جن میں 26 کلاشنکوف ،6315پستول/ریوالور/مائوزر ،67 رائفل،90 شارٹ گن/رپیٹرز شامل ہیں جبکہ 55 بم /دستی بم بھی برآمد کئیے گئے۔پولیس نے رواں برس منشیات کے 4689کیسز درج کر کے 6190 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے 63.078 کلو ہیروئن ،3084.29 کلو چرس،56.562 کلو آئس،17.121 کلو کرسٹل اور 28.36 کلو افیون برآمد کی ۔پولیس نے گٹکا ماوا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5197 ملزمان کو گرفتار کر کے 29565 کلو گٹکا ماوا،گٹکا ماوا کے 218052پیکٹ ،111242 پڑیاں،143373 کلو چھالیہ،526 ایسڈ بوتلیں اور مختلف پراڈکٹس کے 11529 ساشے برآمد کیے۔