46 سالہ بھارتی خاتون نے 7 فٹ اور 9 انچ کے ساتھ لمبے بالوں کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی سمیتا شریواستو نے گزشتہ 32 برسوں سے بال نہیں کٹوائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سمیتا شریواستو کا کہنا ہے کہ انہوں نے آخری بار 14 برس کی عمر میں بال کٹوائے تھے اور اب ان کے بالوں کی لمبائی 7 فٹ اور 9 انچ ہے۔
گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروا نے والی بھارتی خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں لمبے بالوں کا شوق 80ء کی دہائی میں فلمی اداکاراؤں کو دیکھ کر ہوا تھا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت میں روایتی طور پر دیویوں کے بال بہت لمبے ہوا کرتے تھے اور ہمارے معاشرے میں بھی بال کٹوانا معیوب سمجھا جاتا ہے اس لیے خواتین اپنے بال لمبے کرتی ہیں اور اس سے ان کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق سمیتا شریواستو ہفتے میں 2 بار اپنے بال دھوتی ہیں اور بالوں کو دھونے سے لیکر خشک کرنے اور ان کی اسٹائلنگ کرنے میں انہیں تقریباً 3 گھنٹے لگتے ہیں۔