غزہ میں گزشتہ روز سے جاری اسرائیلی فوج کے حملوں میں 240 فلسطینی شہید اور 650 زخمی ہوگئے۔ خان یونس میں ایک گھر پر بمباری کے دوران معصوم بچوں کے والد کو بھی شہید کر دیا گیا۔
فلسطینی بچوں کی اپنے والد کے جنازے کو الوداع کہنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جسے دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔
فلسطینی صحافی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں بچے اپنے والد کا آخری دیدار کرتے ہوئے افسردہ ہوگئے، ویڈیو میں ایک ننھا بچہ اپنے والد کے چہرے پر بوسہ بھی دیتا ہے۔ اس دوران کچھ عزیز و اقارب بچوں کو دلاسہ دیا۔
غزہ میں 7 روز کی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد آج دوسرے روز بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں، جس میں 240 فلسطینی شہید اور 650 زخمی ہو چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے خان یونس کو نشانہ بنایا جہاں درجنوں مکانات تباہ ہو گئے۔
جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے اسرائیلی طیاروں کی جانب سے بم باری اور توپ خانے سے گولہ باری کا سلسہ جاری ہے جس میں خواتین اور بچے بھی نشانہ بن رہے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سےاب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار207 ہوگئی، جبکہ حملوں میں 40 ہزار 652 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔