کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز کے انجن میں آگ لگنے سے ہنگامی لینڈنگ ،ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے شواہد نہیں ملے، ایک انجن پر جہاز کو اتارا گیا ہے، مسافروں کو شام کے وقت متبادل پرواز سے مدینہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 743 نے صبح 5 بجکر چار منٹ پر کراچی سے مدینہ کیلئے اڑان بھری، روانگی کے فوری بعد پائلٹ نے بوئنگ 777 طیارے کے انجن سے چنگاری نکلتے دیکھی،۔ کپتان نے ائرٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی جس کے بعد کپتان نے طیارے کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بحفاظت اتارلیا۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے نے ایک انجن میں خرابی پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ ذرائع کے مطابق پائلٹ نے طیارے کو کراچی ایئر پورٹ پر بحفاظت اتار لیا، طیارے میں 276 مسافر سوار تھے، مسافر کو ہوٹل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اڑان بھرتے ہی طیارے کے انجن سے چنگاریاں نکلنے لگیں، کاک پٹ میں فائر الارم کی وارننگ پر پائلٹ نے انجن کی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ اور طریقے کار کے مطابق پائلٹ نے طیارے کا ایک انجن بند کر دیا ، پائلٹ نے اے ٹی سی سے رابطہ کر کے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔سی اے اے کے حکام کا کہنا ہے کہ کپتان اور فرسٹ آفیسر کے الکوحل، خون اور یورین کے ٹیسٹ کیے گئے، طیارے کے ایک انجن میں فائر وارننگ آئی تھی، پی آئی اے کے انجینئر انجن کا معائنہ کر رہے ہیں۔ افضل ندیم ڈوگر کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کی لاہور سے جدہ کی پرواز نے کراچی میں لینڈنگ کی۔ پرواز پی کے 859 میں کراچی سے جدہ کے مسافر سوار کئے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی سے مسافروں کو لے کر ایئر بس اے 320 طیارہ رات گئے جدہ روانہ ہوگیا۔