• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈین گلوکار کا فلسطینیوں کیلئے 2.5 ملین ڈالرز امداد کا اعلان

دی ویکنڈ— فائل فوٹو
دی ویکنڈ— فائل فوٹو 

معروف کینیڈین گلوکار و اقوامِ متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے خیر سگالی سفیر دی ویکنڈ نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا شکار مظلوم فلسطینیوں کے لیے 2.5 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان کر دیا۔

دی ویکنڈ کو اکتوبر 2021ء میں اقوامِ متحدہ کے پروگرام کا خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا تھا اور وہ اس وقت سے دنیا بھر میں غذائی قلت کے شکار افراد کے لیے سرگرم ہیں۔

غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لیے امداد دینے سے پہلے گلوکار نے ایتھوپیا میں غذائی قلت کا شکار خواتین اور بچوں کے لیے بھی ہنگامی امداد اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ اور مشرقی یورپ کے علاقے کے لیے انسانی ہمدردی کی تنظیم کے ڈائریکٹر کورین فلیشر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں غزہ میں جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی غذائی قلت کا شکار لوگوں کی امداد کی فوری ضرورت کی طرف توجہ دلائی گئی تھی۔

اُنہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ غزہ میں جاری تنازع نے ایک بڑی انسانی تباہی کا آغاز کر دیا ہے، موجودہ صورتِ حال میں اقوامِ متحدہ کا ورلڈ فوڈ پروگرام غزہ میں امداد فراہم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہا ہے لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ بھوک کی مایوس کن سطح سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے، جبکہ 15 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید