پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ افگن کا کہنا ہے کہ دنیا میں باپ سے بڑھ کر کوئی بے لوث محبت نہیں کرتا لیکن ہم بحثیت معاشرہ کبھی انہیں سراہتے نہیں ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نادیہ افگن کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں معاشرے کے مردوں کے لیے آواز اُٹھاتے اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔
مذکورہ وائرل کلپ ان کے نجی فیشن میگزین کے پوڈ کاسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو سے لیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہےکہ ہم کبھی مردوں خاص طور سے باپ کی خدمات، بے لوث محبت کی بات ہی نہیں کرتے، صرف ماں کا ذکر کرتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ایک آدمی اپنے اہلِ خانہ کی خاطر روزگار کمانے کے لیے صبح گھر سے نکلتا ہے اور رات کو واپس آتا ہے، وہ اپنی اولاد کے لیے کماتا ہے اور گھر آ کر اپنا سب کچھ اپنی اولاد، بیوی، اپنے اہلِ خانہ کو دے دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرد اپنے لیے کچھ نہیں رکھتے سب کچھ اپنے گھر والوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خرچ کر دیتے ہیں، بیشتر گھروں میں تو بیویاں ہی اپنے شوہروں کی ضروریات کا خیال رکھ رہی ہوتی ہیں ورنہ انہیں اپنا خیال بھی نہیں ہوتا۔
نادیہ افگن نے یہ بھی کہا کہ مرد کو بچپن سے یہ ہی سکھایا جاتا ہے کہ تم ذمے دار ہو، تمہیں سب کا خیال رکھنا ہے، ایسے میں وہ اپنا خیال رکھنا ہی بھول جاتا ہے جو کہ افسوس کی بات ہے۔