خیرپور(بیورورپورٹ) خیرپور کی خصوصی عدالت نے اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے دو مقدمات میں تین ملزمان کو دو مرتبہ عمر قید اور 4لاکھ 50ہزار روپے کے جرمانے کی سزا سنادی ملزمان کے خلاف مقدمات جیل کے اندر چلے تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گر دی خیرپور کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر بخاری نے اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے دو مقدمات میں تین ملزمان نظام الدین چنو ،وزیر علی ناریجو اور مست علی سولنگی کو دو مرتبہ عمر قید اور 4لاکھ 50ہزار روپے کے جرمانے کی سزا سنادی۔ ملزمان کے خلاف 2010 میں ہنگورجہ کے شہر ی نصر اللہ شیخ اور سرکار کی مدعیت میں دہشت گر دی ایکٹ کے تحت اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے دو مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ہنگورجہ پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے دونوں مقدمات انسداد دہشت گر دی خیرپور کی خصوصی عدالت میں چلان کئے تھے عدالت کے جج ملزمان کے خلاف سینٹرل جیل خیرپور میں مقدمات چلائے اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد ملزمان کو سزا سنائی ۔