غزہ پر وحشیانہ بمباری کرنے والی اسرائیلی فوج کو حماس کے ہاتھوں بھاری نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر سے اب تک 425 فوجیوں کی ہلاکت اور 5 ہزار سے زائد زخمیوں کا اعتراف کرلیا۔
اسرائیلی دفاعی حکام سے متعلق اسرائیلی میڈیا نے اعتراف کیا کہ غزہ جنگ میں اب تک 425 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 5 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے، جن میں سے 58 فیصد شدید زخمی ہیں۔
میڈیا نے کہا کہ غزہ جنگ میں 2 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی معذور ہوچکے ہیں، دفاعی حکام اعتراف کر رہے ہیں کہ ہم نے کبھی بھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی۔
دفاعی حکام نے مزید کہا کہ اسپتال لائے گئے 7 فیصد اسرائیلی فوجی نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں، ہم جانتے ہیں نفسیاتی دباؤ کا شکار اسرائیلی فوجیوں کی تعداد تیزی سے بڑھے گی۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے آج بھی غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری جاری رکھی، خان یونس، رفح، بیت لاہیا پر بمباری سے 24 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ 64 روز میں فلسطینی شہدا کی تعداد 18 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
جبالیا پناہ گزین کیمپ میں بازاروں اور سڑکوں پر اجتماعی قبریں بنا دی گئیں، اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر خان یونس کے رہاشیوں کو انخلا کی دھمکی دے دی۔
فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوج پر راکٹوں اور مارٹر گولوں سے حملے کیے، قابض فوج کی کئی بکتر بند گاڑیوں، ٹینکوں کو تباہ کردیا، متعدد اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔