کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی کی انتظامیہ نے اے ایم ایس کو گالیاں اور دھکے دینے والے اسٹیورڈ کے خلا ف کارروائی کے بجائے اسے ایک ماہ کی چھٹیوں پر روانہ کر دیا ہے جبکہ معاملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس کی پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے مذمت کی ہے ۔ اسپتال انتظامیہ نے اسٹیورڈ شاہ زیب کو چھٹیاں دینے کے ساتھ ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حسین احمد جھتیال کے مطابق اے ایم ایس ڈاکٹر بشیر صدیقی ،اے ایم ایس ڈاکٹر افتخار بابر اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر یاسر پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تین دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس پر کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب متاثرہ اے ایم ایس ڈاکٹر سعد جمال نے اسٹیورڈ کے خلاف تھانے میں جان سے مارنے کی دھمکی، بدتمیزی ، گالیوں اور زدوکوب کی کوشش کرنے کے خلاف درخواست دے دی ہے ۔ جنگ سے گفتگو میں ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سعد جمال کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے ان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ اسٹیورڈ کو معاف کر کے معاملہ رفع دفع کر دیں ۔