حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد پولیس نے نسیم نگر تھانے کی حدود سے اغوا ہونے والے 3کمسن بچوں کو کراچی سے بازیاب کراکے اغوا میں ملوث 2عورتوں سمیت 4ملزمان کو گرفتار کرلیا،اے ایس پی رانا محمددلاور نے ہفتہ کی شب پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایس ایچ او نسیم نگر وحید پہنور اور ایس ایچ او قاسم آباد انجم ابرار کے ہمراہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ 5سالہ علیشبہ اور 4 سالہ بشریٰ بنت امام الدین اور حسنین ولد نظام الدین عالمانی کو ٹیوشن ٹیچر نے 13دسمبر کو گوٹھ بڈھو پالاری سے اغوا کیاتھا ،اغوا کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآبادامجد احمدشیخ نے اے ایس پی رانا محمد دلاور،ایس ایچ او نسیم نگر اور قاسم آباد پر مشتمل انکوائری ٹیم تشکیل دی تھی ،تفتیشی ٹیم نے واردات کے مقدمہ کے اندراج کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیجز اوردیگر ٹیکنیکل معلومات کی بنیاد پر حیدرآباد میں چھاپہ مار کارروائیاں کی تھیں جس پر ملزمان بچوں کو لیکر کراچی فرارہوگئے تھے۔