• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو کراچی، کار پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق ہو گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )نیو کراچی میں مسلح ملزمان کی کار پر فائرنگ ،نوجوان جاں بحق ہو گیا، فائرنگ کے دیگر واقعات میں بچی سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔ گرومندر کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود سیکٹر 12-D میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے،فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی لگنے سے 27 سالہ اسامہ ولد محمد سلیم جاں بحق ہو گیا جبکہ گاڑی میں سوار اسکے والد سلیم مون ،بھائی اور تیسرا شخص محفوظ رہے،مقتول اسامہ اگلی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا جبکہ اسکے والد عقبی سیٹ پر موجود تھے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقتول کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ایس ایچ او ہمایوں خان کے مطابق مقتول کے والد سلیم مون کی مون فیبرک کے نام سے فیکٹری ہے۔وہ ہفتہ کی صبح ڈیفنس فیز 6 میں واقع اپنے گھر سے فیکٹری آ رہے تھے جب فیکٹری کے قریب ہی موڑ سے جیسی ہی انکی مڑی انھیں نشانہ بنایا گیا۔پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے چار خول ملے ہیں۔ مقتول کے والد کے بیان کے مطابق ملزمان پیچھے سے ان پر فائرنگ کرتے ہوئے آئے۔ ایس ایچ او کے مطابق واقعہ ڈکیتی کا معلوم نہیں ہوتا تاہم واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ جوہر آباد تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک 14 ایچ بی پبلک اسکول کے قریب ڈاکوؤں نے دوران ڈکیتی فائرنگ کر کے 60 سالہ سید محمد کلیم ولد سید عبدالبرکت کو زخمی کر دیا جسے عباسی شہید اسپتال لایا گیا، محمود آباد تھانے کی حدود کشمیر کالونی گلی نمبر ایک میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 45 سالہ محمد حسین ولد نذیر حسین زخمی ہو گیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔کورنگی نمبر ایک ضیاء کالونی سیکٹر 32A کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح سپتال منتقل کیا گیا۔زخمی کی شناخت 30 سالہ خالد ولد پہلوان کے نام سے کی گئی۔اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود علی گڑھ میں نامعلوم سمت سے آ کر گولی لگنے سے 7 سالہ بچی انابیہ دختر عبدالنور زخمی ہو گئی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔دریں اثناء سولجر بازار تھانے کی حدود گرومندر بلیو ربن بیکری کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 25سالہ اعجاز ولد میاں ظفر جاں بحق ہو گیا جسکی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول آئسکریم پارلر کا مالک تھا اور مقتول کا رشتے داروں سے جگہ سے متعلق تنازع چل رہا تھا،مقتول اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا اور اسکا آبائی تعلق خیبر پختونخوا سے تھامقتول کو ٹارگٹ کرنے آنے والے افراد آئسکریم پارلر پر آئے،مقتول نے حملہ آوروں کو دیکھ کر دوڑ لگائی تو ملزمان نے تعاقب کیا،مقتول اپنی آئسکریم شاپ سے کچھ قدم دور ہی دوڑ سکا تھا کہ ملزمان نے اس پر اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے مقام سے نائن ایم ایم کے پچیس خول ملے ہیں،واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
اہم خبریں سے مزید