کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 27دسمبر پاکستان کی تاریخ کا افسوس ناک ترین دن تھا، اس روز شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کے کروڑوں چاہنے والوں سے چھین کر جمہوریت کی آواز ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کردی گئی، بی بی کی شہادت پاکستان کا ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان ہے، عوام کی حقیقی آزادی اور ریاست کو مضبوط کرنے کی جنگ لڑنے والی باہمت خاتون کو شہید کردیا گیا، شہید بی بی عوام کا مقدمہ لڑنے کے لئے وطن آئی تھیں۔ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں میئرکراچی نے کہا کہ اس روز ہم تجدید عہد وفا کرتے ہیں کہ شہید بے نظیر بھٹو کے نظریئے ان کے فلسفے سے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور صرف عوام! اور یہ وعدہ کرتے ہیں کہ جب تک جمہوریت اس ملک میں مضبوط نہیں ہوتی، تب تک پاکستان کی ریاست آئین اور قانون کے مطابق نہیں چلتی۔