ایران کی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ ہمارا انتقام صیہونی ریاست کے خاتمے کے ساتھ ہی رکے گا۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایران اپنے شہریوں کی ہلاکت کو فراموش نہیں کرسکتا، ہمارا بدلہ بہت ہولناک ثابت ہوگا۔
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف 7 اکتوبر کے روز طوفان اقصیٰ آپریشن مکمل طور پر فلسطینی کارروائی تھی جسے خود فلسطینیوں نے عملی جامہ پہنایا، طوفان اقصیٰ کارروائی کو کسی بیرونی مدد کے بغیر سر انجام دیا گیا، جو 75 سالوں سے جاری اسرائیلی ظلم اور بربریت پر ردعمل تھا۔
انہوں نے کہا کہ طوفان اقصیٰ آپریشن غزہ پٹی اور مغربی کنارے کے مظلوم فلسطینیوں کی سچی آواز بن کر سامنے آیا، غزہ پٹی میں اسرائیل کے خلاف سرگرم حماس اور اسلامی جہاد اپنے ہتھیار خود تیار کر رہے ہیں۔
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ طوفان اقصیٰ کارروائی ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر انتقامی کارروائی نہیں ہے، انتقام لینے کا حق صرف ہمارا ہے، ایران ایک طاقتور انتظامیہ ہے، ہم جو کہتے ہیں ببانگ دہل اور بلا خوف کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ انتظامی طور پر آزاد ہے جو فلسطینی عوام کے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے، صیہونی ریاست بہت نقصانات سے دو چار ہو رہی ہے جو دوسروں کی زمینوں پر ناجائز قبضے کا خمیازہ ہے۔