کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کو عوامی مفاد میں مکمل طور پر فعال کیا جا رہا ہے، کے ایم سی کے اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا طریقہ کار اپنایا جائے گا، اس سلسلے میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد، ڈاکٹرز اور دیگر لوگوں سے بھی ملاقات کر رہا ہوں، طبی اداروں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہر کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے منگل کے روز سرفراز رفیقی شہید اسپتال کے دورے اور ضلع جنوبی کی مختلف سڑکوں پر جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے کے موقع پر کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید افضل زیدی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، درپیش مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ سرفراز رفیقی شہید اسپتال میں مریضوں کو بہتر تشخیص اور علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، انہوں نے سرفراز رفیقی شہید اسپتال کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اسپتال کی بہتری کے لیے تجاویز دیں۔