پاکستان نے اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا کے عالمی عدالت انصاف میں جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا کے عالمی عدالت انصاف میں جانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
عثمان جدون نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق قانونی مؤقف کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے رجوع کر رکھا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں غزہ نسل کشی کیس کی حمایت کرنے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔
مالدیپ اور نمیبیا نے بھی آئی سی جے میں اسرائیل کے خلاف مقدمے کی حمایت کی ہے۔ عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمے کی سماعت 11 اور 12جنوری کو شیڈول ہے۔