رام اللہ (اے ایف پی) فلسطینی ذرائع اور اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے رواں ماہ لبنان میں شہید ہونے والے حماس کے سرکردہ رہنما صالح العروری کی دو بہنوں کو حراست میں لے لیا۔یاد رہے کہ2جنوری کو بیروت کے ایک مضافاتی علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس کے نائب سربراہ العروری کی شہادت ہوئی تھی،جس سے خدشہ پیدا ہوا کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ ایک علاقائی تنازع میں بدل سکتی ہے۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ اسرائیل کیخلاف دہشت گردی پر اکسانے کے بعد اس نے دو خواتین کو مقبوضہ مغربی کنارے سے حراست میں لے لیا ہے۔صالح العروری کے بہنوئی عوار العروری نے کہا کہ دونوں خواتین اور خاندان کے کئی دیگر افراد کو انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے۔ ایک مہم گروپ فلسطینی قیدیوں کے کلب نے بتایا کہ 52سالہ دلال العروری اور47سالہ فاطمہ العروری کو رام اللہ شہر کے قریب الگ الگ مقامات سے گرفتار کیا گیا۔ فلسطینی قیدیوں کے کلب نے کہا کہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں 5,875فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔