پاکستان ایران کشیدگی پر چین کے بعد ترکیہ نے بھی ثالثی کی پیشکش کر دی۔ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر بات کی ہے۔
ایران اور پاکستان دونوں ہی خطے میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے، ترکیہ کی تجویز ہے کہ فریقین مزید کشیدگی نہ بڑھائیں، جلد از جلد امن بحال کریں۔
ترک وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر تشویش ہے۔
انھوں نے کہا مسائل کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے اندر رہتے ہوئے ملکوں کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے باہمی احترام، دوستی اور بھائی چارے کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔
ترک وزارت خارجہ کے مطابق حاقان فیدان نے کہا امید ہے علاقائی سالمیت و استحکام کو مزید خطرے میں ڈالے بغیر مسائل بات چیت اور باہمی تعاون سے حل کیے جائیں گے۔
ایران اور پاکستان سے تحمل اور عقلمندی کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا اور دیتے ہیں، ترکیہ ان تنازعات کے پُر امن حل میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہے۔