چین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں اضافے سے بچیں۔
پاک ایران صورتحال پر جمعرات کو چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی ہمسایہ ممالک ہیں جن کے چین سے دوستانہ تعلقات ہیں۔ امید کرتے ہیں پاکستان اور ایران تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور ایران کشیدگی میں اضافے سے بچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، ایران کو ضرورت ہوئی تو چین صورتحال ٹھنڈا کرنے میں مثبت کردار کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین سمجھتا ہے کہ ممالک کو یو این چارٹر کے اصولوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق صورتحال سے نمٹنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور تحفظ کیا جانا چاہیے۔
ترکیہ نے بھی ثالثی کی پیشکش کر دی
پاکستان ایران کشیدگی پر چین کے بعد ترکیہ نے بھی ثالثی کی پیشکش کر دی۔ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر بات کی ہے۔
ترک وزیر خارجہ کے مطابق ایران اور پاکستان دونوں ہی خطے میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے، ترکیہ کی تجویز ہے کہ فریقین مزید کشیدگی نہ بڑھائیں، جلد از جلد امن بحال کریں۔
افغانستان کا تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور
پاکستان ایران کشیدگی پر افغانستان نے پاکستان ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ پُرتشدد واقعات خطرناک ہیں۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ طویل مسلط کردہ جنگوں اور عدم استحکام کے بعد خطے میں امن واستحکام آیا ہے، اس استحکام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان، ایران کو تنازعات سفارت کاری اور بات چیت سے حل کرنے چاہئیں۔
واضح رہے کہ ایران نے دو روز قبل بلوچستان کے علاقے میں میزائل اور ڈرون حملے کر کے 2 بچیوں کو شہید اور 3 کو زخمی کر دیا تھا۔
پاکستان نے بلوچستان کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی، دو طرفہ تعلقات کے منافی قرار دیا تھا۔
پاکستان نے بلوچستان پر حملے کے جواب میں آپریشن مرگ بر، سرمچار کے ذریعے ایران کو جواب دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے صبح ایران کے صوبے سیستان میں دہشتگردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا، جس کے دوران متعدد دہشتگرد مارے گئے۔