کراچی، غزہ (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) غزہ میں اسرائیلی بمباری میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں، بمباری میں بچ جانے والے فلسطینی شہری ملبے کے ڈھیر میں اپنے پیاروں کو تلاش کرتے رہے، صیہونی طیاروں کی بمباری میں مزید 150فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ،اسرائیلی بمباری کے دوران شہداء کی مجموعی تعداد 24,762 ہوگئی ہے جبکہ 62,108 افراد زخمی ہوچکے ہیں ، اسرائیلی بمباری نے خان یونس کے نصیر اسپتال کے احاطے پر پھر بمباری کردی جس کے بعد اسپتال کی حالت ناقابل استعمال ہوگئی ہے ، حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ شہر کے زیتون محلے میں ایک اسرائیلی فوجی گاڑی کو راکٹ حملے میں نشانہ بنایا ہے ، قسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسی محلے میں ایک الگ حملے میں جنگجوؤں نے "ایک عمارت کے اندر چھپے ہوئے" صیہونی فوجیوں کے ایک گروپ پر راکٹ سے حملہ کیا اور ایک اسرائیلی ٹینک پر یاسین-105 گولہ فائر کیا جو فوجیوں کی مدد کے لیے آیا تھا۔ ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (MSF) کے ڈاکٹر نے غزہ کی پٹی میں ناقابل بیان حالات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے متعدد بار اسپتالوں اور قرب وجوار میں بمباری کا مشاہدہ کیا۔