• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی جارحیت کو دنیا کے سامنے لانے والے فلسطینی فوٹو جرنلسٹ معتز عزیزہ فلسطین چھوڑ گئے

گزشتہ 109 دنوں سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو دنیا کے سامنے لانے والے فلسطینی فوٹو جرنلسٹ معتز عزیزہ فلسطین چھوڑ گئے۔

گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر دکھی دل کے ساتھ الوداعی ویڈیو شیئر کی اور اپنی پریس کی جیکٹ اُتار دی۔

انہوں نے الوداعی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ مجھے غزہ سے جانا ہوگا، جس کی وجہ آپ سب جانتے ہیں لیکن آپ سب تمام وجوہات نہیں جانتے۔ آپ سب کا شکریہ۔ غزہ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھئے۔

فلسطینی فوٹو جرنلسٹ معتز عزیزہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے سناجاسکتا ہے کہ یہ 107واں دن ہے جب میں غزہ سے آپ کے سامنے ہوں، لیکن دکھی ہوں کہ غزہ سے یہ آخری مرتبہ میں آپ کے سامنے ہوں۔

فلسطینیوں کی آواز بننے والے صحافی نے اپنے فالوورز سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے غزہ سے انخلا لینے کا فیصلہ کرلیا ہے لیکن ایک دن پھر واپس یہاں لوٹ کر آؤں گا اور آپ کو یہاں کا حال بتاؤں گا۔ تب تک کہ لیے یہ بھاری جیکٹ اُتار رہا ہوں۔

ویڈیو کے اختتام میں انہیں اپنے ساتھیوں سے الودع لیتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ انہوں نے مختلف انسٹااسٹوری شیئر کیں اور بتایا کہ وہ پہلی بار ہوائی جہاز میں بیٹھ رہے ہیں اور فوجی طیارے میں غزہ سے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین ماہ سے مسلسل روز ہر روز معتز عزیزہ اسرائیلی درندگی دنیا کو دکھا رہے ہیں۔ اس دوران ان کا گھر بھی تباہ ہوگیا اور اہل خانہ بھی اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بنے لیکن انہوں نے کبھی ہمت نہ ہاری اور ظلم و جبر کے سامنے ڈٹے رہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید