• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام، شہری پھنسے رہے

راولپنڈی( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر )  راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کوبدترین ٹریفک جام رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدیددقت کا سامنا کرناپڑا۔ اندرون شہر،کمرشل مارکیٹ،اورصدرمیں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں  عید خریداری کے لئے رمضان المبارک کے آخری ایام میں راولپنڈی کی مقامی آبادی کے علاوہ مضافات اوردیہات سے بڑی تعدادمیں صارفین بازاروں کارخ کررہے ہیں ، تجارتی مراکز میں عوام کازبردست رش دیکھنے میں آرہاہے اوراس وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہورہاہے راجہ بازار،موتی بازار،بوہڑبازار،اقبال روڈ،چائنامارکیٹ ،پراناقلعہ،کشمیری بازار،کمرشل مارکیٹ، صدر بازار، بنک روڈ،ٹینچ بھاٹہ،22نمبر،صاد ق آباد،مسلم ٹاؤن، میں سارادن ٹریفک کا نظام خراب رہا۔ ادھرمری روڈ پر ٹریفک عدم روانی کاشکاررہی۔باڑامارکیٹ ، اقبال روڈ، راجہ بازار،گورڈن کالج روڈ،چائنامارکیٹ اورصدرکے علاقوں میں سڑکوں کے بیشترحصے پرتجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کانظام پہلے ہی بگاڑکاشکارہے ۔فٹ پاتھوں اورسڑکوں کے کناروں پرٹھیلے اورریڑھی والوں نے قبضہ جمارکھاہے اوریہ لوگ ٹی ایم اے اورکنٹونمنٹ بورڈوالوں کوباقاعدہ ماہانہ دیتے ہیں تجاوزات کی وجہ سے لوگوں کاپیدل چلنابھی محال کردیاگیا ہے۔شہرمیں قانون کی عملداری نہ ہونے کے برابرہے جس کاجہاں دل آتاہے گاڑی پارک کردیتاہے،غلط پارکنگ کی وجہ سے بھی ٹریفک کی روانی متاثرہورہی ہے ،گوالمنڈی،کشمیرروڈ، صدر،احاطہ مٹھوخان اورریلوے روڈپرسڑکوں پربننے والی ورکشاپوں نے عوام کاجیناحرام کررکھاہے۔کنٹونمنٹ بوڑدکاکرپٹ عملہ خوب مال بنارہاہے اوران کی سپرویژن کرنے والے افسران نے بھی چپ سادھ رکھی ہے۔سٹی ٹریفک پولیس عملاً ٹریفک کورواں رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے اورسڑکوں پرموجودوارڈن عضومعطل بن چکے ہیں۔ٹریفک کی روانی کے لئے کسی قسم کی منصوبندی  دیکھائی نہیں دیتی۔
تازہ ترین