• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خان یونس میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی، 24 گھنٹوں میں 250 فلسطینی شہید

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

اسرائیلی افواج کی خان یونس میں جارحیت جاری ہے ناصر میڈیکل کمپلیکس کا مختلف سمتوں سے محاصرہ اور اسپتال کے قریب شدید بمباری جاری ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے سبب کوئی اسپتال سے باہر یا اندر نہیں جاسکتا جبکہ اسپتال میں ڈائلیسز پر موجود 400 مریض فوری امداد کے منتظر ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ان کے امدادی ایجنسی کے مرکز بھی اسرائیلی بمباری کی زد میں آگئے ہیں جس کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق جنگی صورتحال کے دوران شمالی غزہ میں بدترین غیرانسانی صورتحال پر بھوک سے 5 لاکھ فلسطینیوں کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے۔

یواین سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نےغزہ کے لیے فوری اور مستقل انسانی امداد کی رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی افواج نے جبالیا کیمپ میں رہائشی عمارت کو تباہ کر دیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 250 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی رکن پارلیمنٹ نے پارلیمانی اجلاس کے دوران غزہ میں امن کا سفید پرچم تھامے فلسطینی کی شہادت کو جنگی جرم قراردیتے ہوئے جنگ بندی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مغربی کنارے میں اسرائیلی افواج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ جھڑپوں میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جوابی کارروائی میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اسرائیلی ڈرون طیارہ، کئی ٹینک اور بلڈوزر کو تباہ کردیا ہے۔

اسرائیلی افواج نے جنین میں ایک فلسطینی کو گرفتار جبکہ بلڈوزر کے ذریعے کئی فلسطینی املاک منہدم کردیں ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید